تنازعات کے باعث خبروں میں رہنے والی پاکستانی اداکارائیں


پاکستانی شوبز انڈسٹری ایسے اداکاروں سے بھری پڑی ہے جو اپنے اسکینڈلز کے باعث خبروں کی زینت بنے ؛فوٹوفائل

پاکستانی شوبز انڈسٹری ایسے اداکاروں سے بھری پڑی ہے جو اپنے اسکینڈلز کے باعث خبروں کی زینت بنے ؛فوٹوفائل

کراچی: شوبز میں کام کرتے ہوئے تنازعات سے دوررہنا بہت مشکل کام ہے، بالی ووڈ ہو یا لالی ووڈ دونوں انڈسٹریوں کے اداکار کسی نہ کسی  تنازعے کا شکار رہے ہیں۔

پاکستانی شوبزانڈسٹری ایسی اداکاراؤں سے بھری پڑی ہے جو اپنے اسکینڈلز کے باعث خبروں کی زینت بنے، جن میں اداکارہ وینا ملک، میرا، نور بخاری، قندیل بلوچ اورماہرہ خان وغیرہ شامل ہیں۔ وینا ملک اورقندیل بلوچ کی شہرت تو پاکستان سے نکل کربین الاقوامی میڈیا تک پہنچ چکی تھی۔ تاہم وینا ملک شادی کے بعد کافی تبدیل ہوگئی ہیں لیکن اب بھی پاکستان میں ایسی بہت سی اداکارائیں ہیں جومختلف تنازعات کا شکار ہوتی رہتی ہیں جس کی مثال اداکارہ ماہرہ خان ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نورکی حجاب میں ملبوس تصاویروائرل

ماہرہ خان:

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کیرئیر کی شروعات ٹی وی پر بطور’’وی جے‘‘ کی تھی اور لگاتار محنت کے بعد وہ نہ صرف پاکستان کی بلکہ بھارت کی بھی صف اول کی اداکارہ بن چکی ہیں۔ ماہرہ کافی طویل عرصے سے شوبز سے وابستہ ہیں۔ اپنے شوہرعلی عسکری سے علیحدگی کے علاوہ ان کا کوئی اوراسکینڈل سامنے نہیں آیا تاہم چند روز قبل ماہرہ اس وقت شہ سرخیوں کی زینت بن گئیں جب رنبیر کپور کے ساتھ نیویارک کی سڑکوں پرسگریٹ پیتے ہوئے ان کی چند تصاویر وائرل ہوئیں۔ لوگوں نے نہ صرف ماہرہ کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ انہیں متنازعہ لباس پہننے پرخوب کھری کھری سنائیں تاہم ماہرہ خان کا اس بارے میں فی الحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

صبا قمر:

پاکستانی اداکارہ صباقمرنے رواں سال فلم ’’ہندی میڈیم‘‘کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا، فلم میں جانداراداکاری کرنے کے باعث وہ بالی ووڈ فلمسازوں اور بھارتی عوام کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔ تاہم 2015 میں صبا اس وقت تنازعے کا شکار ہوگئیں جب شوکی میزبان نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ بالی ووڈ اداکارہرتیک روشن سے شادی کریں گی جس کے جواب میں صبا نے کہا کہ ’’دوبچوں کے باپ سے کون شادی کرنا چاہے گا‘‘اس کے علاوہ انہوں نے رتیش دیش مکھ کی تصویردیکھ کر کہا’’میں پاکستان کی اے کلاس کی اداکارہ ہوں اورصرف اے کلاس کے اداکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتی ہوں‘‘۔ اس پروگرام کے بعد صبا قمرپر بھارتی میڈیا میں شدید تنقید کی گئی۔

میرا:

پاکستانی اداکارہ میرا کو ’’اسکینڈل کوئین‘‘کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، اپنی گلابی انگریزی اور بے باک بیانات کے باعث وہ پاکستانی میڈیا پرتو چھائی رہتی ہیں تاہم 2005 میں بھارتی فلم’’نظر‘‘میں بولڈ کردارا ادکرنے کے بعد میرا پاکستان کی متنازعہ ترین اداکارہ بن گئیں۔ فلموں میں بے باک مناظر کی عکسبندی کر نے کے علاوہ میرا شادی کے خبروں پر بھی تنازعات کا شکار رہی ہیں، بزنس مین عتیق الرحمان نے میرا کے پہلے شوہر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ میرا نے ان سے طلاق لیے بغیر دوسری شادی کی ہے۔

وینا ملک:

اداکاروینا ملک پاکستان کی متنازعہ ترین شخصیات کی فہرست میں اول نمبر پر ہیں، بھارتی ٹی وی کے شو بگ باس سیزن4 میں شرکت کرنے اور شو کے دوران بھارتی اداکاراشمیت پٹیل کے ساتھ تعلقات کی خبروں نے وینا ملک کو راتوں رات اسکینڈل کوئین بنادیاتھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی بھارتی فلموں میں آئٹم نمبر کرنے کے ساتھ بولڈ کرداراداکئے، حد سے زیادہ تنازعات کے بعد وینا ملک نے اچانک شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کیا اوراب وہ اپنے شوہراوردوبچوں کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزاررہی ہیں۔

نوربخاری:

پاکستانی اداکارہ نور بخاری بھی کچھ کم نہیں، چار شادیوں اورطلاق کے باعث نور آج کل خوب میڈیا پر چھائی ہوئی ہیں۔ اپنے چوتھے شوہرولی حامد خان کے ساتھ خلع لینے بعد نورکےاچانک شوبز چھوڑ کرحجاب لینے اورصرف مذہبی پروگرام کرنےکے فیصلے نے ان کے مداحوں کوحیران پریشان کردیا، تاہم نور نے اپنی بات کو سچ ثابت کرنے کے لیےحال ہی میں انسٹاگرام پرحجاب میں ملبوس اپنی چند تصاویربھی جاری کی ہیں۔

ایان علی:

پاکستانی ٹاپ ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کواسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اس وقت گرفتارکیا گیا جب وہ نجی ائیرلائن کی پرواز سے دبئی جارہی تھیں، ائیرپورٹ پرکسٹم حکام کی تلاشی کےدوران ان کے بیگ کے خفیہ خانوں سے 5 لاکھ ڈالرز کی رقم برآمد ہوئی۔ ایان علی کو ائیرپورٹ سے ہی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کرلیاگیا، ایان علی گزشتہ دوسال سے منی لانڈرنگ کیس کی پیشیاں بھگت رہی ہیں اوراسی کیس میں کئی ماہ جیل کی ہوا بھی کھا چکی ہیں۔

قندیل بلوچ:

یوٹیوب اورفیس بک پر متنازعہ ویڈیوز شیئر کرکے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ وماڈل قندیل بلوچ کا اصل نام فوزیہ عظیم تھا۔ قندیل بلوچ ’’پاکستان آئیڈیل‘‘ نامی شو میں بھی شرکت کرچکی تھیں۔ تاہم وہ وہاں اپنی گلوکاری کی وجہ سے نہیں بلکہ بے باک اور منہ پھٹ انداز کی وجہ سے زیادہ مشہور ہوئیں۔ قندیل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے شادی کی خواہشمند تھیں اور میڈیا کے سامنےعمران خان کے لیے کئی باراپنی محبت کا برملا اظہار بھی کرچکی تھیں۔ قندیل بلوچ جب تک حیات رہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان پرتنقید کی جاتی رہی۔ تاہم گزشتہ برس ان کے بھائی وسیم نے انہیں گلا دباکرغیرت کے نام پر قتل کردیا۔

اداکارہ نیلی:

پاکستانی اداکارہ نیلی کا اصل نام ’’نیلوفر‘‘تھا، لیکن انہوں نے شوبز میں’’نیلی‘‘ کے نام سے شہرت حاصل کی، اداکارہ نیلی کی آنکھوں کا رنگ نیلا نہیں تھا بلکہ وہ نیلے رنگ کے لینس استعمال کرتی تھیں۔ پاکستانی فلموں میں اداکارہ نیلی اور جاوید شیخ کی جوڑی بے حد پسند کی گئی دونوں نے ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا، نیلی کا اسکینڈل جاوید شیخ کے ساتھ بہت مقبول ہوا۔

اداکارہ زیبا بختیار:

پاکستان کے شہر کوئٹہ سےتعلق رکھنے والی نامور پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار نے حادثاتی طور پر شوبز میں قدم رکھا بعد ازاں وہ پاکستانی شوبز کی پہچان بن گئیں۔پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’’انار کلی‘‘سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنےوالی زیبا بختیار کو بھارتی فلم ’’حنا‘‘میں مرکزی کردار ادا کرنے پر دنیا بھر میں شہرت حاصل ہوئی۔ فنی کیرئیر میں کامیابیاں سمیٹنے والی زیبا بختیار کی ازدواجی زندگی نشیب وفراز کا شکار رہی ہے، زیبا بختیار  گلوکار عدان سمیع خان کے ساتھ شادی اور پھر طلاق کے باعث میڈیا کی خبروں کا مرکز رہیں۔ فلم ’’سرگم‘‘کی شوٹنگ کے دوران دونوں ایک دوسرے کے قریب آئے اور شادی کے بندھن میں بندھ گئے تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اوراس کا خاتمہ طلاق پر ہوا۔ دونوں کا ایک بیٹا اذان خان ہے جو اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہتا ہے۔

سلمیٰ آغا:

برطانوی شہریت رکھنے والی اداکارہ سلمیٰ آغاکی والدہ کا تعلق بھارتی پنجاب کے شہرامرتسر سے ہے جب کہ ان کے والد ایرانی نژاد تھے۔ سلمیٰ آغا کو شہرت فلم ’’نکاح‘‘سے ملی تھی۔ اس فلم کے لیے انہیں فلم فیئرایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ سلمیٰ آغا 1989 میں پاکستانی اسکواش کے کھلاڑی رحمت خان سے شادی کی وجہ سے خبروں کی زد میں رہی تھیں، لیکن یہ شادی کامیاب نہ ہوسکی، اس کے بعد انہوں نے دبئی کے بزنس مین منظر شاہ سے شادی کی۔ رحمت خان کے سلمیٰ آغا سے دو بچے ہیں ساشا آغااورعلی آغا خان۔ سلمیٰ آغا کی بیٹی ساشا آغا بھارتی اداکارارجن کپور کے ساتھ فلم’’اورنگزیب‘‘میں کام کرچکی ہیں تاہم وہ اپنی فلموں کے بجائے انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والے ایک ایم ایم ایس کی وجہ سے خبروں کی زد میں رہی تھیں اس کے علاوہ ان کی ولدیت پر بھی سوال اٹھے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نےاپنی والدہ کے خلاف جاکر موسیقار سچن گپتا کے ساتھ خفیہ شادی کی تھی۔



Source link