پاک امریکا تعلقات پر جمی برف کو پگھلنے میں وقت لگے گا، خواجہ آصف


امریکا اپنے گریبان میں جھانک کر افغانستان میں اپنے کارنامے دیکھے، خواجہ آصف۔ فوٹو: فائل

امریکا اپنے گریبان میں جھانک کر افغانستان میں اپنے کارنامے دیکھے، خواجہ آصف۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات پر جمی برف کو پگھلنے میں وقت لگے گا۔

خواجہ آصف نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن سے ملاقات کے بعد برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات پر برف جم گئی ہے جسے پگھلنے میں وقت لگے گا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان بھی راتوں رات ختم نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ باتیں دھمکی سے نہیں صلح کی زبان سے طے ہوں گی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا سے پرانی دوستی یاری کے نتائج پہلے ہی بھگت رہا ہے تو اب امریکا ہمیں اور زیادہ برے نتائج کیا بھگتوائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 70 ہزار جانوں اور اربوں ڈالر کا نقصان اٹھایا ہے جس کے نتیجے میں ہمارا پرامن کلچر اور برداشت پر مبنی معاشرہ برباد ہو کر رہ گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ امریکا اپنے گریبان میں جھانک کر افغانستان میں اپنے کارنامے دیکھے کیونکہ افغانستان کے 45 فیصد حصے پر طالبان کا قبضہ امریکی پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے، انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں سے کوئی تعلق نہیں تاہم اب قوم متحد ہے اور امریکا سے دوستی کے کے نتائج کو ٹھیک کر رہے ہیں۔



Source link